محکمہ موسمیات کے مطابق، پیسفک اوشین میں ویتنام اور لاؤس کے قریب سمندری طوفان موجود ہے۔ جب بھی پیسفک اوشین سرگرم ہوتا ہے، خلیج بنگال میں موسمیاتی سرگرمیاں محدود ہو جاتی ہیں، جس کے باعث سندھ میں متوقع بارشوں کا سسٹم متاثر ہوا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ میں اب اگست کے آخر تک تیز بارش کا امکان نہیں، صرف ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیشگوئی برقرار ہے۔دوسری جانب، ویتنام نے سال کے سب سے طاقتور طوفان “کاجیکی” کے خطرے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ طوفان کی ہوائیں 166 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور توقع ہے کہ آج دوپہر تک مرکزی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈز کا خطرہ ہے۔ حکومت نے نصف ملین سے زائد افراد کے انخلا، کشتیوں کو ساحل پر رکھنے، اور کئی ہوائی اڈے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ویتنام ایئرلائنز اور ویٹ جیٹ نے متعدد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔






