کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب فقیرہ گوٹھ میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدگی پھیل گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ کی سربراہی میں موقع پر پہنچی اور علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران منشیات فروشوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ڈی ایس پی اورنگ زیب خٹک کا کہنا ہے کہ علاقے میں گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے مکمل چھان بین جاری ہے۔ فائرنگ اور آپریشن کے دوران پولیس نے مزید نفری طلب کر لی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ لگتا ہے تاہم پولیس اس کی تصدیق کر رہی ہے۔ واقعے میں دو راہگیر بھی معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کر دی گئی۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی کہ ابتدائی پولیس کارروائی سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں۔






