لاپتا افراد کیس میں وزیر داخلہ کے گھر کو آگ لگانے میں ملوث شخص برآمد

سندھ ہائیکورٹ میں چار لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک شخص صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار کے گھر کو نذر آتش کرنے میں ملوث نکلا۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عبدالطیف لاپتا نہیں بلکہ مورو میں وزیر داخلہ کے گھر کو جلانے کے مقدمے میں گرفتار ہے۔ عدالت نے اس رپورٹ پر درخواست نمٹا دی۔اسی کیس میں پولیس نے مزید بتایا کہ ملیر کینٹ سے لاپتا شہری محمد عرفان گھر واپس آگیا ہے، جس پر عدالت نے متعلقہ درخواست بھی ختم کر دی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نور محمد اور عبد القدیر 2012 سے لاپتا ہیں اور پیش رفت نہیں ہو رہی۔ عدالت نے ان دونوں مقدمات کو مسنگ پرسن کمیشن کے سپرد کر دیا۔