واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق میاں بیوی اور نومولود بچے کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

ملیر ہالٹ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق میاں بیوی اور نومولود بچے کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق میاں بیوی اور نومولود بچے کی میتیں ناتھا میتیں گھر سے اٹھیں تو پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ تینوں کی نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا گوٹھ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، کئی افراد زار و قطار روتے رہے، ہر طرف سوگ کا سماں تھا۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، رہنماوٴں کا کہنا تھا حکومت بھاری گاڑیوں کو قوانین کا پابند کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، کراچی کی سڑکوں پہ دندناتے ٹینکر خوف کی علامت بن چکے ہیں ، جو معصوم شہریوں سے انکی زندگیاں چھین رہے ہیں۔ گذشتہ روز کراچی کی سڑکوں پردندناتی ہیوی ٹریفک نےایک اورخاندان اجاڑ دیا تھا ، ہائی وے کی جانب سے تیز رفتاری سے آنے والا واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوا اور سڑک سے گزرنے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کوکچل دیا تھا۔