ریلوے حکام نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیلابی صورتحال اور بارشوں کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ مسافروں کی کمی کے سبب کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق پاک بزنس ایکسپریس کو آج منسوخ کر دیا گیا جبکہ شاہ حسین ایکسپریس کو 30 اگست سے 2 ستمبر تک چار دن کے لیے بند رکھا جائے گا۔ متاثرہ مسافروں کو کراچی ایکسپریس اور گرین لائن ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔ادھر بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد ملک کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ ریلوے اور مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد سیلابی ریلے سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 61 ہزار 53 کیوسک تک پہنچ گئی، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 13 ہزار 124 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔سیلابی ریلوں کے باعث بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں دریائی بیلٹ کے 109 سے زائد مواضعات متاثر ہوئے ہیں اور سینکڑوں بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریلیف اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں تاہم صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔






