شہرِ قائد میں کل سے موسم میں مزید خنکی بڑھنے کا امکان ہے

شہرِ قائد میں کل جمعرات سے موسم میں مزید خنکی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت مزید ایک تا دو ڈگری کمی کے ساتھ 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں دھند چھانے کے باعث حدِ نگاہ تین کلو میٹر تک کم ہو سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں نومبر کے وسط سے موسم بتدریج سرد ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس کے بعد سردی کی کئی لہریں شہر کا موسم مزید ٹھنڈا کر دیتی ہیں۔