کراچی میں بلدیہ ٹاؤن میں بھائیوں کے درمیان جھگڑا، فائرنگ سے ایک جاں بحق

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بھائیوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں بدل گیا۔ سعید آباد تھانے کی حدود صدام چوک کے قریب پیش آنے والے واقعے میں دو سگے بھائی ایک دوسرے کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جھگڑا مسافر مزدا کے لین دین کے تنازع پر ہوا۔ اس دوران بڑے بھائی 35 سالہ امتیاز نے اپنے چھوٹے بھائی 30 سالہ ایاز پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں زخمی ایاز نے اپنے بھائی سے اسلحہ چھین کر اسی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں امتیاز بھی زخمی ہوگیا۔دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایاز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او سعید آباد پرویز سولنگی کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔