کراچی کے پوش علاقے گزری پی این ٹی کالونی میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے نے ایک گھر کا چراغ گل کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں قانون کا طالب علم خالد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ مقتول خالد، جو پی این ٹی کالونی کا رہائشی اور قانون کا طالب علم تھا، دوستوں کے بلانے پر جائے وقوعہ پر پہنچا، جہاں اچانک فائرنگ کی زد میں آ کر زندگی کی بازی ہار گیا۔جاں بحق نوجوان کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، خالد کا بھی کسی سے کوئی تنازع نہیں تھا۔ وہ محض دوستوں کے کہنے پر وہاں گیا اور گولی کا نشانہ بن گیا۔ میرا ایک ہی بیٹا تھا، وہ بھی ظالموں نے چھین لیا۔اہل خانہ کا مزید کہنا تھا کہ خالد قانون کا طالب علم تھا اور مستقبل کے خواب سجائے بیٹھا تھا مگر جرائم پیشہ عناصر نے سب کچھ اجاڑ دیا۔ ان کا الزام ہے کہ پولیس علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کو قابو کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔پولیس حکام کے مطابق زخمی عمران سمیت دو افراد کو جناح اسپتال سے حراست میں لیا گیا ہے، واقعے کی تفتیش جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔چھیپا ذرائع کے مطابق مقتول خالد کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔






