شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی جبکہ تینوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان حاجی اور محمد موسیٰ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم ممتاز علی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کی نیت سے علاقے میں گشت کر رہے تھے، جن کے قبضے سے دو پستول، لوٹے گئے موبائل فونز، نقدی رقم اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔





