محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 18 سے 24 گھنٹوں میں ہوا کا کم دباؤ مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا، جس کے اثرات 10 ستمبر تک سندھ کے جنوبی اضلاع پر برقرار رہیں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق اس وقت تھرپارکر کے قریب ہوا کا کم دباؤ “ڈیپ ڈپریشن” کی صورت میں موجود ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں تیز اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ماہرین کے مطابق مون سون اسپیل کے باعث کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور اور شہید بے نظیرآباد میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں جبکہ بلوچستان میں حب ڈیم کے بھرنے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔






