کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن، گلشن مزدور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہوٹل پر فائرنگ سے دو ملازمین جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 25 سالہ وہاب اور 28 سالہ حبیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے بتایا جا رہا ہے اور وہ مذکورہ ہوٹل میں بطور ملازم کام کر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔ ایک قریبی پھل فروش نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر ہوٹل کی جانب بھاگا، جہاں دیکھا کہ دونوں افراد شدید زخمی حالت میں تھے۔ ایک زخمی نے بتایا کہ ’’ڈاکو آئے تھے اور ہمیں لوٹنے کے بعد فائرنگ کر کے چلے گئے۔‘‘ ہوٹل کے ایک اور ملازم نے بھی تصدیق کی کہ واردات کے دوران ملزمان نے موبائل فون لوٹے اور فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ مقتولین کا چند روز قبل کسی سے جھگڑا بھی ہوا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے تاکہ واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔






