کراچی میں آن لائن منشیات فروش ڈیلیوری رائیڈر گرفتار

شہر قائد میں آن لائن منشیات فروخت کرنے والے گروہوں کے خلاف اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے سرسید کے علاقے سے ایک ڈیلیوری رائیڈر کو گرفتار کرلیا جو حب وندر سے منشیات خرید کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ایس ایس پی ایس آئی یو عارف اسلم کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پاؤ سے زائد کرسٹل برآمد کرلی گئی۔ ملزم منشیات کی ترسیل کے لیے مختلف سوشل ایپلیکیشنز کا استعمال کرتا تھا۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی کراچی میں آن لائن منشیات کا نیٹ ورک چلانے والے چار ملزمان گرفتار کیے گئے تھے۔ ان ملزمان میں شوکت علی، عمر، عبدالصابر اور فہیم شامل ہیں جن کے قبضے سے 15 کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔ ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق یہ گروہ بھی بلوچستان اور حب کے علاقوں سے منشیات خرید کر کراچی میں ڈیلیور کرتا تھا۔