کراچی یونیورسٹی کے عقب میں واقع علاقے گلشنِ نور کے قریب جھاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق آگ خشک جھاڑیوں اور پتوں کے باعث تیزی سے پھیل گئی، جس کے شعلے کئی فٹ بلند اور دور سے واضح طور پر دکھائی دے رہے تھے۔ جھاڑیوں کے قریب واقع جگیوں میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر علاقے سے نکال لیا گیا۔ریسکیو 1122 کے رضاکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقے سے لوگوں کے انخلا کو یقینی بنایا، جبکہ فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔تیز ہوا کے باعث آگ پھیل کر کراچی یونیورسٹی کی اسٹاف کالونی اور قریبی قبرستان تک پہنچ گئی، جس سے چند گھروں کو نقصان پہنچا۔ریسکیو حکام کے مطابق دم گھٹنے سے 52 سالہ رفیق ولد محمد شریف جاں بحق ہوگئے، جبکہ دھوئیں کے باعث دو افراد بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تین گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔





