وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی ٹریفک جام پر نوٹس، فوری اقدامات کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عملی اقدامات کی ہدایت دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی کراسنگ اور کازوے پر برساتی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سڑکیں بند ہیں جس کے نتیجے میں قیوم آباد چورنگی، جام صادق پل اور اطراف کی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور ٹریفک کا دباؤ شدید ہو گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورنگی کراسنگ اور کازوے کی بندش ہی ٹریفک جام کی اصل وجہ ہے، تاہم ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔