کراچی میں فضا سے آنے والی اندھی گولیاں دو بچوں کو لگ گئیں

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فضا سے آنے والی اندھی گولیوں کے واقعات میں دو معصوم بچے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پہلا واقعہ شرافی گوٹھ میں اٹک پمپ فیوچر کالونی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 12 سالہ مبین ولد غلام رسول زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دوسرا واقعہ ضلع غربی کے علاقے پیر آباد میں بلال مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں 10 سالہ شفیق ولد فیروز کو بھی نامعلوم سمت سے فائر ہونے والی گولی لگی۔ زخمی بچے کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ فائرنگ کہاں سے اور کیوں کی گئی۔