انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمنل پر کارروائی کرتے ہوئے مصالحہ جات کے کارٹنوں میں چھپائی گئی 115 کلوگرام میتھفیٹامائن (آئس) برآمد کرلی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک ایکسپورٹ کمپنی کا کنٹینر شبے کی بنیاد پر چیک کیا گیا تو اس میں مصالحہ جات کے ڈبوں میں چھپائے گئے 1010 پیکٹس برآمد ہوئے۔ یہ کنٹینر کراچی سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی بھیجا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ کمپنی کا ریکارڈ پہلے بھی مشکوک رہا ہے، دو ماہ قبل اسی کمپنی کے ایک اور کنٹینر سے گدھوں کی کھالیں برآمد ہوئی تھیں۔ متعلقہ کنٹینر پی ای سی ایچ ایس کے پتے سے بک کیا گیا تھا۔اے این ایف نے ملزمان کے خلاف منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






