وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے اور کراچی میں غیر قانونی واٹر ٹینکرز کے خاتمے کی ہدایت جاری کردی ہے۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کی امن و امان اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 سے کچے کے علاقوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے 760 ٹارگٹڈ اور 352 سرچ آپریشن کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں 159 ڈاکو مارے گئے، 823 گرفتار ہوئے جبکہ 962 مختلف نوعیت کے ہتھیار برآمد کیے گئے۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ “کچے کے ڈاکوؤں کا ہر صورت خاتمہ یقینی بنایا جائے۔” انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ کچے کے علاقوں میں سڑکیں، اسکول، اسپتال اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کام جلد شروع ہوسکیں۔اجلاس میں کراچی میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 243 غیرقانونی ہائیڈرنٹس مسمار کیے جاچکے ہیں، 212 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 103 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس وقت 3200 ٹینکرز کیو آر کوڈ کے ذریعے رجسٹرڈ ہیں، جس سے واٹر بورڈ کی آمدنی میں 60 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے۔اجلاس میں وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔






