منظور کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

شہر قائد کے علاقے منظور کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا اہلکار جیسے ہی گھر سے موٹر سائیکل نکال رہا تھا تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ڈاکو پہنچ گئے۔ ملزمان نے اہلکار سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، تاہم اہلکار نے مزاحمت کرتے ہوئے پستول نکالا، جس پر ڈاکوؤں نے فوراً گولی چلا دی۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو نے اہلکار کی موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے کی ناکام کوشش بھی کی، جبکہ اسی دوران خوفزدہ راہگیر خاتون قریبی گاڑی کے پیچھے چھپ گئی۔پولیس حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزمان اہلکار کا ذاتی اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے، جبکہ موٹر سائیکل گلی میں ہی چھوڑ گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار کندھے میں زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔