ایس ایس پی ضلع جنوبی مہزور علی کی ہدایت پر ضلع ساؤتھ کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق حالیہ سرچ آپریشن تھانہ ڈیفنس کی حدود میں قیوم آباد سیکٹر سی میں کیا گیا، جس کی براہِ راست نگرانی ایس ڈی پی او ڈیفنس نے کی۔ اس کارروائی میں تھانہ ڈیفنس، گزری، پریڈی، صدر، آرام باغ، کلفٹن، ساہی، درخشاں اور بوٹ بیسن کے ایس ایچ اوز اپنی ٹیموں کے ہمراہ شریک ہوئے۔آپریشن کے دوران علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے ناکہ بندی کی گئی اور آنے جانے والے افراد کی سخت چیکنگ کی گئی۔ پولیس نے ہوٹلوں، دکانوں، عارضی ٹھکانوں اور رہائشی مکانات کی باریک بینی سے تلاشی بھی لی تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص یا غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔جنوبی پولیس کے ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کا مقصد ضلع بھر میں امن و امان قائم رکھنا اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے کومبنگ سرچ آپریشنز آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گے اور کسی بھی مجرم کو علاقے میں پناہ نہیں ملے گی۔






