یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان

پاکستان میں ایک مرتبہ پھر عوام کو مہنگائی کا جھٹکا لگنے والا ہے، کیونکہ یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق انڈسٹری کی ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت پٹرول 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 4 روپے 64 پیسے اور لائٹ ڈیزل 1 روپے 76 پیسے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کل قیمتوں کی ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد پٹرولیم ڈویژن اور وزارت خزانہ مشاورت کے بعد حتمی ورکنگ وزیراعظم کو بھجوائیں گے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی۔یاد رہے کہ 15 ستمبر کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 15 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا تھا، اور اب ایک بار پھر عوام کو مزید بوجھ برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔