پولیس کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر اور اطرافی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کی سربراہی میں منگل کی رات دیر گئے سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر اور اس کے گردونواح میں سرچ آپریشن کیا گیا۔آپریشن میں اعلیٰ پولیس افسران، خواتین پولیس اہلکار اور انٹیلی جنس افسران بھی شریک تھے۔ڈی ایس پی اورنگ زیب خٹک کے مطابق کارروائی غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کی گئی، جس دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف افسرانِ بالا کی ہدایات کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






