محکمہ موسمیات نے تیسرا ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کراچی سے تقریباً 310 کلومیٹر جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے۔ یہ سسٹم بھارتی گجرات کے اوپر موجود رہنے کے بعد اب شمال مشرقی بحیرہ عرب اور سوراشٹرا کے ساحلی علاقوں کے قریب پہنچ چکا ہے اور آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم ابتدائی طور پر مغرب اور جنوب مغرب کی سمت بڑھے گا، جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع — بشمول تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور کراچی ڈویژن — میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔سمندر میں طوفانی ہوائیں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے سمندری حالات ناہموار اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 اکتوبر تک گہرے سمندر کا رخ نہ کریں۔سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور صورتحال کے مطابق مزید اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ مستند ذرائع سے موسم کی معلومات حاصل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔






