کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع کے باعث ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں سسر نے تیز دھار آلے کے وار سے داماد کو قتل کر دیا جبکہ چار خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی ہے، جو پنجاب کے علاقے جہلم کا رہائشی اور ملزم کا داماد تھا۔ زخمیوں میں سعد، مدثر، ملیکہ، مصباح، مسکان اور انیلا شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کیے جانے کا امکان ہے۔زخمی لڑکی کے بیان کے مطابق واقعے کی شام اس کے والد نے گھر پر کھانے کا اہتمام کیا اور مہمانوں کو مدعو کیا۔ کھانے کے بعد مبینہ طور پر ملزم نے مشروبات میں بے ہوشی کی دوا پلائی اور تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ بے ہوشی کا بہانہ کر کے بچ گئی اور والد کو دھکا دے کر مزید حملے سے روکا۔پولیس حکام کے مطابق حملے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔




