کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات میں اضافہ

کراچی میں بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ایک اور افسوسناک واقعہ کورنگی کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی میں پیش آیا ہے، جہاں 12 سالہ محمد حسن تین روز سے لاپتہ ہے۔تفصیلات کے مطابق 27 اگست کو محمد حسن ولد محمد صالحین کو مبینہ طور پر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب سے اغوا کیا گیا۔ والدین کے مطابق حسن بدھ کی صبح مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا مگر واپس نہ آیا۔ بچے کے بھائی محمد عمیر نے مقدمے میں بتایا ہے کہ حسن اپنے ہمسائے عبدالرحمن کے ساتھ گیا تھا اور اس نے کہا تھا کہ ایک مفتی صاحب سے بات ہوئی ہے اور وہ اندرون سندھ کسی مدرسے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاہم اس کے بعد سے بچے کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔پولیس اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن تاحال بچے کی بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔شہری حلقوں نے مسلسل بچوں کے اغوا اور پولیس کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔