شہرِ قائد کے علاقے سعیدآباد یوسف گوٹھ میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس اور ایک خطرناک بھتہ خور کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ترجمان ایس آئی یو کے مطابق کارروائی کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد نواز ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے جو بدنامِ زمانہ صمد کاٹھیاواڑی گروہ کا سرگرم کارندہ ہے۔ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق ملزم اشتہاری مجرم ہے اور کراچی پولیس کو بھتہ خوری، ڈکیتی، قتل اور اقدامِ قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔تحقیقات کے دوران ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ کئی سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کرکے مزید انویسٹی گیشن شروع کر دی گئی ہے۔






