کراچی میں ٹریفک پولیس نے جدید ای چالان نظام متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ چالان جاری ہوگا۔تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے خلاف ورزی ریکارڈ ہوتے ہی چالان جاری ہوگا، جو نہ صرف ڈیجیٹل ریکارڈ میں شامل ہوگا بلکہ بذریعہ ڈاک شہریوں کے گھروں پر بھی ارسال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری ٹریفک پولیس کی آفیشل موبائل ایپ کے ذریعے بھی اپنے چالان کی تفصیلات چیک کر سکیں گے۔آئی جی سندھ نے ایک سیمینار سے خطاب میں کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی ہوگی تاکہ ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم حادثات میں کمی اور قوانین پر عمل درآمد میں مددگار ثابت ہوگا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا نظام بھی جدید بنایا گیا ہے اور اب تک تین لاکھ سے زائد شہری آن لائن ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر چکے ہیں۔دوسری جانب شہر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز نے اعتراض اٹھایا ہے کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کی خراب صورتحال میں صرف شہریوں پر چالان عائد کرنا ناانصافی ہے۔






