شہرِ قائد میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین زخمی ملزمان سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔پہلا مقابلہ پاک کالونی تھانے کی حدود میں میوہ شاہ کے قریب پیش آیا، جہاں گشت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ملزمان ریحان عرف گنجا اور ریاض عرف چاچو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ کورنگی بھٹائی چوکی کے قریب پیش آیا، جہاں مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی جبکہ دوسرا حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔






