سہراب گوٹھ کے جمالی گوٹھ میں پولیس آپریشن پر حملہ، زیرِ حراست افراد چھڑا لیے گئے

شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے جمالی گوٹھ میں پولیس کو اس وقت سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جب شرپسند عناصر نے آپریشن کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے اہلکاروں پر ڈنڈوں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی، س کے باعث پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے تمام اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پولیس علاقے میں مقیم غیر قانونی افغانی افراد کے خلاف آپریشن کر رہی تھی کہ اسی دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق زیرِ حراست افغانیوں کو چھڑانے کے لیے ان کے ساتھی بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور پولیس پر حملہ کرکے انہیں زبردستی چھڑا کر لے گئے۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے ملوث افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔