شہر قائد میں یونیورسٹی روڈ سمامہ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ دو نامعلوم مسلح افراد نے کی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پیچھے بیٹھا شخص موقع پر جاں بحق جبکہ بائیک چلانے والا زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت محمد انس کے نام سے ہوئی جو کشمیر کا رہائشی تھا، ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول بھی برآمد کیے گئے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کسی کا انتظار کر رہا تھا کہ ایک شخص قریب آیا اور سر پر پستول رکھ کر فائرنگ کر دی۔ ملزم نے کئی گولیاں چلائیں اور پھر اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر نیپا کی سمت فرار ہوگیا۔پولیس نے جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔






