کراچی میں پولیس کی مختلف کارروائیاں، 25 ملزمان گرفتار

کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور مبینہ مقابلوں کے دوران ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں سمیت 25 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکو گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے پستول، رائفل، وائرلیس سیٹ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت عابد، سید ریحان اور عبدالمنان کے ناموں سے ہوئی۔اسی طرح ڈیفنس پولیس نے قیوم آباد فیز 7 میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ڈاکوؤں کو دھر لیا، جن میں 2 زخمی بھی شامل تھے۔ گرفتار ملزمان سہیل، زبیر اور عدنان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔دریں اثناء درخشاں پولیس نے فحاشی کے اڈوں پر چھاپے کے دوران 9 خواتین اور 5 مردوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے، جبکہ بن قاسم پولیس نے جوئے اور سٹے کے اڈے پر کارروائی کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان سے 70 ہزار روپے نقدی، موبائل فونز اور جوا کھیلنے کا سامان برآمد ہوا۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔