سندھ حکومت نے اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نیا نظام اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم (SAMRS) متعارف کرا دیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں منصوبے کی تفصیلات پیش کی گئیں، جس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ نظام طلبہ کی غیرحاضری کے اسباب جاننے اور تدریسی مسائل کے حل میں مدد دے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اسے 12 اضلاع کے 600 اسکولوں میں نافذ کیا جا رہا ہے، بعد ازاں اسے مرحلہ وار صوبے بھر کے اسکولوں تک بڑھایا جائے گا۔صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کے مطابق، یہ نظام اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی لانے، طلبہ اور اساتذہ کی کارکردگی مانیٹر کرنے اور روزانہ کی حاضری کو آف لائن موبائل ایپ کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ منصوبہ ورلڈ بینک اور گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ سندھ کا یہ سسٹم جنوبی ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا کے لیے ایک ماڈل ثابت ہوگا۔






