شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر گیارہ توحید کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نوجوان کی لاش گھر سے ملی ہے۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 23 سالہ نعمان کے نام سے کی گئی ہے، جس کی لاش گلے میں پھندا لگنے کی حالت میں پائی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھیپا ویلفیئر کے رضا کار موقع پر پہنچے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر اہلخانہ نے بیان دیا ہے کہ نعمان نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی، تاہم پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی وجوہات کی حتمی تصدیق ہو سکے گی۔






