شہرِ قائد میں آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ سمندری ہوائیں اگلے چند روز تک متاثر یا غیر فعال رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق دن کے پہلے پہر بلوچستان کی شمال مغربی اور شام کے وقت مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اگلے تین روز کے دوران 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال موسم کی تبدیلی کا حصہ ہے۔اس منتقلی کے دوران سردیوں کی ہوائیں آہستہ آہستہ اپنا اثر دکھائیں گی،اور نومبر کے آغاز سے درمیانی حصے تک موسم میں واضح خنکی محسوس کی جائے گی۔ماہرین موسمیات کے مطابق اکتوبر کا مہینہ کراچی میں مئی اور جون کے بعد نسبتاً گرم تصور کیا جاتا ہے۔اس دوران دن کے وقت درجہ حرارت عام طور پر 37 ڈگری تک پہنچتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے۔






