شہر قائد کے دو مختلف مقامات، کاٹھور پل اور نیٹی جیٹی پل پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ گڈاپ سٹی کے علاقے کاٹھور انصاری پل کے قریب پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار 30 سالہ انور ولد امام بخش ایک ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق متوفی ملیر میمن گوٹھ کا رہائشی اور موٹرسائیکل مکینک تھا، جو واقعے کے وقت اپنی دکان بند کرکے گھر جا رہا تھا۔ایدھی ایمبولینس کے ذریعے انور کی لاش سپرہائی وے پر واقع بقائی ٹول پلازہ اسپتال منتقل کی گئی۔ایس ایچ او گڈاپ سٹی انسپکٹر سرفراز کے مطابق تحقیقات جاری ہیں کہ متوفی ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا یا موٹرسائیکل سلپ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔دوسرا حادثہ جیکسن تھانے کی حدود میں کیماڑی کے نیٹی جیٹی پل کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی نے دو موٹرسائیکلوں کو ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں 17 سالہ عبداللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ دو نوجوان، 19 سالہ زوہیب اور 20 سالہ امان اللہ شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔






