افغان بھائیوں کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے،شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل وقت میں افغان بھائیوں کی مدد کی ہے اور اگر کوئی پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرے گا تو حکومت اور فورسز منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے سابق سپیکر آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیپلزپارٹی کے لیے بڑا دھچکا ہے اور پارٹی ایک خاندان کی طرح متحد ہے۔ شرجیل میمن نے کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے سے کہا کہ جو ڈاکو رضاکارانہ طور پر سرنڈر کریں گے انہیں الگ انداز سے ڈیل کیا جائے گا اور امن کے لیے ضروری ہے کہ سندھ اور پنجاب بیک وقت مشترکہ آپریشن کریں تاکہ ڈاکوؤں کے بھاگنے کی جگہ نہ رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کچے کے ڈاکو سرنڈر نہیں کریں گے تو آپریشن میں مارے جائیں گے۔ سینئر وزیر نے غیر قانونی رہائش پذیر افراد کے خلاف وفاقی و صوبائی سطح پر ایکشن جاری رہنے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کو سب سے اوپر رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ فورسز اور انتظامیہ سنجیدہ ہیں اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔