کراچی میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں اضافہ

شہر قائد میں دن کے وقت گرمی کی شدت مزید بڑھنے اور راتوں کے خنک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران کراچی میں دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، جو زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی میں اضافے کی بنیادی وجہ بلوچستان کی شمال مغربی گرم اور خشک ہوائیں ہیں جو ان دنوں کراچی کی فضاؤں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔اتوار کو شہر کا درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 17 فیصد رہا۔ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی و مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔