کراچی میں بارش کے دوران 280 فیڈرز ٹرپ، متعدد علاقے بجلی سے محروم

کراچی میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 280 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے باعث شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔بجلی کی بندش سے بلدیہ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، اورنگی، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن اور پی ای سی ایچ ایس کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔ اسی طرح رزاق آباد، ملیر کھوکھراپار، نیو کراچی، یوسف گوٹھ، جیکب لائن اور بزارٹا لائن میں بھی بجلی فراہمی معطل رہی۔ منظور کالونی، اختر کالونی، کشمیر کالونی، شاہ فیصل اور ماڈل ٹاؤن کے مکین بھی مشکلات کا شکار ہوئے۔کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق خواجہ اجمیر نگری، گودھرا، سائٹ ایریا، میٹروول اور اتحاد ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔ کیبل فالٹس، پی ایم ٹیز اور سب اسٹیشنز میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سے کراچی میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سائٹ ایریا، ناظم آباد، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، ملیر، ایئرپورٹ، اسٹارگیٹ، گلشن حدید، شاہ لطیف، بھینس کالونی، ایم اے جناح روڈ اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج شہر میں شدید موسلا دھار بارش کے پیش نظر اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔