پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ترجمان کے مطابق، پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس یرموک نے سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تعاون سے یہ کامیاب کارروائی کی۔امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اس آپریشن پر پاکستان نیوی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سینٹ کام کے مطابق، پاک بحریہ کی جانب سے کی گئی یہ کارروائی سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی تعاون کی بہترین مثال ہے۔رپورٹس کے مطابق، محض 48 گھنٹوں کے دوران پاکستان نیوی نے دو مشتبہ کشتیوں سے دو ٹن کرسٹل میتھ، 350 کلوگرام آئس اور 50 کلوگرام کوکین برآمد کی۔ ان منشیات کی مجموعی مالیت 97 کروڑ 24 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً اربوں پاکستانی روپے) بنتی ہے۔سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے اس کامیاب کارروائی کو عالمی سطح پر سیکورٹی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کی شاندار مثال قرار دیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔






