نیپرا کے فیصلے کے بعد بھی بجلی کے نرخوں میں کوئی کمی نہیں

کراچی کے شہریوں کے لیے اہم خبر — کے الیکٹرک نے واضح کیا ہے کہ نیپرا کے حالیہ فیصلے کے باوجود صارفین کے بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے پہلے اضافی ٹیرف دینے اور پھر واپس لینے کے بعد صارفین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق نیپرا کے ملٹی ایئر ٹیرف میں کے الیکٹرک کے فی یونٹ 7 روپے 60 پیسے کی کمی نے ادارے کی مالی صورتحال پر برا اثر ڈالا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے کے الیکٹرک کو سالانہ 100 ارب روپے تک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق نیپرا کے نئے فیصلے سے مالی مشکلات میں اضافہ ہوگا، جس کے باعث مرمتی کام، ضروری آلات کی امپورٹ، اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی دشواریاں پیش آ سکتی ہیں۔کے الیکٹرک حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مالی بحران کے نتیجے میں موسمِ سرما میں شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ وہ علاقے جہاں عام طور پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی، وہاں بھی بجلی کی بندش کا امکان ہے۔ترجمان کے مطابق کمپنی نیپرا کے فیصلے کا قانونی پہلوؤں سے جائزہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہنیپرا کے فیصلے کا عوام پر براہِ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا، تاہم بجلی کے نرخوں میں کسی قسم کی کمی بھی نہیں کی جائے گی۔