کورنگی میں گھر کی چھت گرنے سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق، دو خواتین زخمی

شہرِ قائد کے علاقے کورنگی سیکٹر 32-اے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ضیا کالونی میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق جبکہ دو خواتین اور ایک بچی زخمی ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب خواتین اور بچے کمرے میں موجود تھے کہ اچانک چھت کا بیم ٹوٹنے سے ملبہ ان پر آ گرا۔واقعے میں جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ڈیڑھ سالہ عائشہ دختر محسن کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 45 سالہ حمیدہ زوجہ امام الدین اور 7 سالہ بچی دعا دختر عامر شامل ہیں۔چھیپا ایمبولینس کے ذریعے لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ 40 سے 50 گز پر مشتمل مکان کی چھت انتہائی کمزور تھی اور چھت پر وزن زیادہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ مکان میں کرایہ دار مقیم تھے، جبکہ مالک مکان کی تلاش جاری ہے۔واقعے کی مزید تحقیقات تھانہ زمان ٹاؤن کی پولیس نے شروع کر دی ہیں۔