شہرِ قائد میں گرین لائن منصوبے کی توسیع میں رکاوٹوں کے باعث روزانہ 2 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ یہ انکشاف گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت ہونے والے پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (PIDCL) کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں جنرل منیجر انجینئرنگ سمیت دیگر افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ گرین لائن منصوبے کی توسیع کے کام کی بندش سے نہ صرف مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ منصوبے کی تکمیل میں بھی نمایاں تاخیر کا سامنا ہے۔گورنر سندھ نے PIDCL کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام مکمل اور زیرِ تعمیر منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منصوبوں میں درپیش رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں۔کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ کسی بھی منصوبے میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔






