شہرِ قائد میں ایک اور واٹر ٹینکر حادثے نے تین افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ موٹرسائیکل سوار میاں بیوی اور بچہ ٹینکر کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار پانی کا ٹینکر موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں تینوں افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، تاہم بروقت اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ واقعے سے متعلق ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کالا پل کے قریب بھی ایک اور واٹر ٹینکر حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔واضح رہے کہ شہر میں اس نوعیت کے واقعات تسلسل کے ساتھ پیش آ رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ڈیفنس فیز 2 میں بھی واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا۔دوسری جانب شہر میں ایک اور افسوسناک واقعہ میں اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں اندھی گولی لگنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، جس پر شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔






