سچل تھانے کی حدود میں کارروائی، غیر قانونی طور پر مقیم 10 سے زائد افغان باشندے گرفتار

سچل تھانے کی حدود میں پولیس نے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 10 سے زائد افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق، رات گئے بھاری نفری نے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر واقع رہائشی عمارتوں کے فلیٹوں میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔ آپریشن کے دوران متعدد افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا جن کے شناختی کوائف نامکمل یا مشکوک پائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ تمام زیرِ حراست افراد کو کریمنل ریکارڈ چیک کرنے کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی گئی۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے تھے تاکہ کوئی مشتبہ شخص فرار نہ ہو سکے۔