کراچی واٹر کارپوریشن نے شہر کو پانی کی فراہمی سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حب کینال بند ہونے کے باعث شہر میں 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کراچی کو یومیہ مجموعی طور پر 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم حب پمپنگ اسٹیشن بند ہونے کی وجہ سے اس وقت شہر کو 550 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ حب پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی فراہم ہوتا ہے، مگر واپڈا انتظامیہ کی حدود میں آنے والی حب کینال کو 48 گھنٹے کے لیے بند رکھا گیا ہے۔واٹر کارپوریشن کے مطابق حب پمپنگ اسٹیشن کے سوا تمام اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حب پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بحال ہوتے ہی شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ واپڈا انتظامیہ نے 28 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک حب کینال کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے پروجیکٹ ڈائریکٹر حب ڈیم واپڈا نے واٹر کارپوریشن حکام کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا تھا۔






