سندھ میں سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال پر پابندی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم لانے کا فیصلہ

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے ذاتی یا غیر مجاز استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، تمام گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا تاکہ نگرانی مؤثر اور شفاف بنائی جا سکے۔سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس شرجیل انعام میمن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ، ضیاء الحسن لنجار، علی حسن زرداری سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کی الاٹمنٹ، خریداری، مرمت اور استعمال سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں وزارتِ قانون، بلدیات، داخلہ، اطلاعات، اینٹی کرپشن اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سمیت متعدد محکموں کے لیے نئی گاڑیوں کی ضرورت اور مالی اثرات پر بھی غور کیا گیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے کفایت شعاری کے اصولوں کو اپنی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا ہے، اور حکومت کا مقصد سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی محکمے نئی گاڑیاں حاصل کریں گے جنہیں ان کی اشد ضرورت ہو، جبکہ غیر ضروری اخراجات سے مکمل طور پر گریز کیا جائے گا۔سینئر وزیر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی موجودہ گاڑیوں کی تعداد، حالت، اور ضرورت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کریں، تاکہ حقیقی ضرورت کی بنیاد پر فیصلے کیے جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال یا غیر مجاز مقاصد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اور آئندہ تمام گاڑیاں ڈیجیٹل سسٹم کے تحت مانیٹر کی جائیں گی۔