وسطی بحیرہ عرب پر بننے والے دباؤ کے باعث محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین روز کے موسم سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سسٹم کے مطابق آج اور کل شہر میں کبھی کبھار تیز یا جھکڑ نما ہوائیں چل سکتی ہیں، تاہم موسم عمومی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔پیشگوئی کے مطابق ہواؤں کا رخ شمال مغربی (تھرپارکر) کی جانب رہے گا، جبکہ آج درجہ حرارت 35 ڈگری، اور کل و پرسوں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔سمندری سرگرمیوں سے متعلق جاری نویں واچ میں بتایا گیا ہے کہ وسطی بحیرہ عرب پر موجود دباؤ کراچی سے 786 کلومیٹر اور بھارتی گجرات سے تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ دباؤ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مغرب کی سمت بڑھا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں بھی مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع تھرپارکر کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، تاہم پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔






