جامعہ کراچی میں ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات اور تربیت کے لیے جدید ترین شعبہ قائم کر دیا گیا ہے۔ سینٹر آف ڈیجیٹل فارنزک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیا۔یہ منصوبہ پلاننگ کمیشن اسلام آباد کی مالی معاونت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے مطابق، اس سینٹر میں ڈیجیٹل کرائم انویسٹی گیشن، سائبر سیکیورٹی، موبائل اور کمپیوٹر فارنزک، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عملی استعمال سے متعلق تربیت دی جائے گی تاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر جرائم سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔نئی تعمیر شدہ عمارت گراؤنڈ پلس ٹو ڈھانچے پر مشتمل ہے، جس کا کل رقبہ 38 ہزار مربع فٹ ہے۔ منصوبے پر 30 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئی۔ عمارت میں 32 دفاتر، 23 کلاس رومز، 11 اکیڈمک لیبز، 18 اسٹور رومز اور 10 جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔معذور افراد کے لیے خصوصی ریمپ اور الگ داخلی دروازے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔سینٹر میں جلد ہی سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورسز کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں یہاں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔






