مچھر کالونی میں دورانِ ڈکیتی 5 سالہ بچہ زخمی کرنے والے دو ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ سے 5 سالہ بچہ زخمی کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گزشتہ ماہ مسلح ملزمان نے رکشہ سوار شہری آصف کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے آصف کا 5 سالہ بیٹا سفیان زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت رفیع اللہ اور رئیس خان کے نام سے ہوئی، جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا۔ایس ایس پی کے مطابق رئیس خان واردات کا منصوبہ ساز اور مدعی کا رشتہ دار ہے، جبکہ رفیع اللہ نے عدنان نامی ساتھی کے ساتھ واردات انجام دی۔فرار ملزم عدنان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔