کراچی کے علاقےگارڈن میں ڈمپر حادثے میں 20 سالہ شاہ زیب جاں بحق

گارڈن کے علاقے نشتر روڈ رام سوامی گزدرآباد اسپتال کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کی چار ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ شاہ زیب 6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور صدر بوہری بازار میں کپڑوں کی دکان پر کام کرتا تھا۔متوفی کے والد محمد شاہد نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی راشن کی دکان گارڈن حسن لشکری ولیج کشتی مسجد کے قریب واقع ہے اور ان کا گھر بھی یہی ہے۔ شاہ زیب واقعے کے وقت مارکیٹ سے سودا سلف لے کر واپس گھر آرہا تھا کہ ڈمپر کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گیا۔محمد شاہد کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اپنی نئی زندگی کو لے کر بہت خوش تھا مگر خونی ڈمپر نے سب کچھ ختم کر دیا۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ایسے ڈمپروں کا داخلہ فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ ان کے مطابق بیشتر ڈرائیور غیر ملکی (افغانی) باشندے ہیں جنہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بھی بنوا رکھے ہیں۔ والد نے کہا کہ اگر ان ڈمپرز پر پابندی نہ لگی تو آج ان کا بیٹا گیا کل کسی اور کا بیٹا بھی جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ متوفی شاہ زیب کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر عثمان آباد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسے میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا