کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رام سوامی میں ڈمپر کی ٹکر کے نتیجے میں قیمتی جان کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اور اس پر سخت قانونی کارروائی کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد شہریوں پر گارڈ کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ قابل مذمت ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوام پر فائرنگ کے واقعے پر پولیس کی جانب سے فوری ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟کامران ٹیسوری نے معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات مزید تنازعات، بے چینی اور مسائل کو جنم دیتے ہیں، لہٰذا متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔